سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی کو اب زندگی کے ایک مشکل مرحلے میں مالی امداد ملنے لگی ہے، اور یہ مدد کسی اور کی جانب سے نہیں بلکہ لیجنڈری بلے باز سنیل گواسکر کی طرف سے دی جا رہی ہے۔
گواسکر کی ’چیمپس فاؤنڈیشن‘ (CHAMPS Foundation) نے کامبلی کو باقاعدہ مالی سہارا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمزور اور ناتواں ونود کامبلی اور سچن ٹندولکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کیوں؟
کامبلی، جو کہ بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 17 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، پہلے ہی بی سی سی آئی کی طرف سے ماہانہ 30,000 روپے پنشن حاصل کر رہے تھے۔
اب سنیل گواسکر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے کامبلی کو ہر ماہ 30,000 روپے مزید دیں گے اور یہ رقم اُن کی زندگی بھر جاری رہے گی۔ اس طرح کامبلی کی ماہانہ آمدنی 60,000 روپے ہو جائے گی، جو ان کی زندگی کے اخراجات اور اہل خانہ کے لیے ایک بڑی مدد ثابت ہو گی۔

رواں سال کے آغاز میں کامبلی کی ملاقات وانکھیڑے اسٹیڈیم، ممبئی میں ایک تقریب کے دوران سنیل گواسکر سے ہوئی، جہاں وہ بمشکل چل رہے تھے لیکن اس کے باوجود گواسکر کے قدموں کو چھو کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
صحت خراب یا نشے کی حالت میں دھت.. ونود کامبلی کی ویڈیو پر صارفین حیران
اس موقع پر گواسکر نے کامبلی کی صحت کے حوالے سے ان کے ڈاکٹر سے بھی رابطہ کیا، جو انہیں تھانے کے ایک اسپتال میں علاج فراہم کر رہے تھے۔
کامبلی کو کچھ عرصہ قبل پیشاب کی نالی میں انفیکشن اور دماغ میں خون کے لوتھڑے (clots) کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان کی گرتی ہوئی صحت نے مداحوں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا تھا، خاص طور پر گزشتہ سال ان کی ایک کمزور حالت میں ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ سچن ٹنڈولکر کے ہمراہ اپنے کوچ راماکانت آچریکر کی یاد میں ہونے والی تقریب میں شریک تھے۔
گواسکر کی طرف سے نہ صرف ماہانہ مدد دی جا رہی ہے بلکہ ہر سال 30,000 روپے صحت کے اخراجات کے لیے بھی دیے جائیں گے۔ اس مالی تعاون پر کامبلی کی اہلیہ آندریا ہیوٹ نے سنیل گواسکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ ونود کامبلی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں بھارت کے لیے 3000 سے زائد رنز بنائے تھے، جن میں ان کی تیسری اور چوتھی ٹیسٹ اننگز میں مسلسل ڈبل سنچریاں (انگلینڈ اور زمبابوے کے خلاف) شامل ہیں. یہ وہ کارنامہ ہے جو انہیں بھارت کے نمایاں بلے بازوں میں شامل کرتا ہے۔