پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 18 اور 19 فروری کی درمیانی شب ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا اور کارروائی کے دوران فورسز نے ہدف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 4 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا اور ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن عزم استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔