اپنے ایک بیان میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ڈویژن و ایڈہاک صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین وانی نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی اپنی توجہ صرف تربیت اور میچز پر مرکوز رکھیں گے جبکہ دیگر امور فیڈریشن سنبھالے گی۔
ایڈہاک صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے قومی کھیل کو دوبارہ عروج دلانے کے لیے یکسو ہیں۔ جلد ہی فیڈریشن میں نئی قیادت کے انتخاب کے لیے شفاف اور جمہوری انتخابات کروائے جائیں گے۔
محی الدین وانی نے کہا کہ ایڈہاک صدر کی حیثیت سے ان کی اولین ترجیح ادارے کو مستحکم کرنا، اعتماد کی فضا بحال کرنا اور ٹیم مینجمنٹ کے نظام کو ازسرِنو منظم کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قلیل مدتی بنیادوں پر فوری اور اہم مسائل کے حل پر توجہ دی جائے گی، جبکہ وسط مدتی حکمت عملی کے تحت ایک جامع وژن تشکیل دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کوچنگ اور تربیتی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔
محی الدین وانی نے مزید کہا کہ فیڈریشن میں گورننس کو بہتر بنایا جائے گا، وسائل کے شفاف اور موٴثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا اور نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری قائم کر کے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
محی الدین وانی نے وزیرِاعظم کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور انصاف کو ہر فیصلے میں مقدم رکھا جائے گا اور سب مل کر پاکستان کی ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔