برازیل کے اسٹار فُٹ بالر نیمار کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ

برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بعد ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق نیمار جو حالیہ سیزنز میں انجری کا شکار رہے، رواں برس ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔

برازیل کے آن لائن چینل کاز کو جمعہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نیمار نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم کہ آگے کیا ہوگا، آئندہ سال کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔ ہو سکتا ہے کہ جب دسمبر آئے میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لوں۔ اب میں سال بہ سال زندگی گزار رہا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سال بہت اہم ہے، نہ صرف سانتوس کے لیے بلکہ برازیل کی قومی ٹیم کے لیے بھی کیونکہ یہ ورلڈ کپ کا سال ہے۔

۔

نیماَر اپنی قومی ٹیم برازیل کے لیے 79 گول کر چکے ہیں، جو کسی بھی برازیلین کھلاڑی کی گول کرنے میں سب سے زیادہ تعداد ہے، لیکن اکتوبر 2023 کے بعد سے وہ قومی ٹیم میں شامل نہیں ہوئے۔

برازیل کے کوچ کارلو اینسیلوتی نے گزشتہ برس واضح کر دیا تھا کہ وہ صرف ایسے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میں شامل کریں گے جو مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔

واضح رہے کہ رواں برس فیفا ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں منعقد ہوگا۔

Similar Posts