پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے موقع پر پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ریاض فتیانہ نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ان سے دیرینہ تعلقات اور احترام کا رشتہ موجود ہے، چوہدری شجاعت حسین ایک مدبر سیاست دان اور درد دل رکھنے والے انسان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نے ملک کی تعمیر، ترقی اور استحکام میں لازوال کردار ادا کیا، انہوں نے ہمیشہ رواداری اور برداشت کی سیاست کو فروغ دیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے ملک معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے، پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوش حالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے تمام سول اور عسکری ادارے ملک کی ترقی اور خوش حالی کے لیے کوشاں ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ ہر ایک ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور محکمہ اوقاف میں کی گئیں اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت نے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا ہے، حکومتی اقدامات اور مؤثر حکمت عملی کے باعث پنجاب میں اربوں روپے کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد اور مزارات کی تزئین و آرائش کا بڑا پروگرام تیزی سے جاری ہے، محکمہ اوقاف کے امور میں مزید شفافیت لانے کے لیے کمپیوٹرائزیشن کا عمل جاری ہے۔