اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں منعقدہ ٹرائلز کے بعد میانوالی کے احمد رضا خان کو قومی جونیئر تربیتی کیمپ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔
بدقسمتی سے گزشتہ روز موٹر سائیکل پر سوار احمد رضا دوسری موٹرسائیکل سے ٹکرانے کے بعد سڑک پر گر گئے تھے، اسی دوران ایک ڈمپر نے ان کو روندھ ڈالا، جس کے باعث انہیں متعدد فریکچرز ہوگئے۔
مقامی اسپتال میں زیر علاج فٹبالر کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ تیزی سےصحتیاب ہو رہے ہیں۔
دریں اثناء پاکستان انڈر 20 فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ شہزاد انور اور کوچنگ اسٹاف نے اسپتال پہنچ کر احمد رضا خان کی خیریت دریافت کی۔
واضح رہے کہ ساف انڈر 20 فٹ بال چیمپئن شپ 2026 مالدیپ میں 23 مارچ سے 3 اپریل تک کھیلی جائے گی۔
چیمپئن شپ میں 7 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ گروپ اے میں میزبان مالدیپ، نیپال، سری لنکا اور بھوٹان شامل ہیں جبکہ گروپ بی دفاعی چیمپئن بھارت، پاکستان اور بنگلادیش پر مشتمل ہے۔
چیمپئن شپ میں پاکستان 24 مارچ کو بنگلادیش سے ٹکرائے گا جبکہ 26 مارچ کو اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ 28 مارچ کو بھارت اور بنگلادیش کا مقابلہ ہوگا۔
دونوں سیمی فائنل یکم اپریل اور فائنل 3 اپریل کو طے ہے۔
چیمپئن شپ کے لیے دو روزہ ٹرائلز کے بعد قومی جونیئر تربیتی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے،کیمپ کے دوران حتمی قومی جونیئر ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔