فتنۃ الخوارج کیخلاف جام شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوت ہیڈ کانسٹیبل وہاب علی قوم کا فخر

فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر سپوت ہیڈ کانسٹیبل وہاب علی قوم کا فخر بن گئے۔ کوہاٹ میں فتنہ الخوارج کی بربریت کا نشانہ بننے والے ہیڈ کانسٹیبل وہاب علی کی شہادت پر لواحقین نے دہشت گردوں کے خلاف بلند حوصلوں کا اظہار کیا ہے۔

کرک کی دھرتی کے ایک اور بہادر سپوت ہیڈ کانسٹیبل وہاب علی نے وطن پر اپنی جان قربان کر دی۔ شہید کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہاب علی شہید ایک بااخلاق، پرہیزگار اور انسان دوست شخص تھے۔

لواحقین نے خیبرپختونخوا حکومت اور انتظامیہ سے سوال کیا کہ دہشت گردی کب تک برداشت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت یا ان کے ایم این اے اور ایم پی ایز نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے بھی نہیں آئے۔

رشتہ داروں کے مطابق سوات سے لے کر پاراچنار اور بنوں جیسے علاقے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہاب علی کی شہادت پر ہمیں فخر ہے، ہمارے دشمن خوارج ہیں جن کے خلاف جنگ حلال ہے۔

شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ افغانستان، انڈیا اور اسرائیل دہشت گردی کے آلہ کار بن چکے ہیں اور دہشت گردوں کے گڑھ کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔

Similar Posts