پولیس یونیفارم کی تضحیک کا معاملہ، ٹک ٹاکر کاشف ضمیر گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read

سوشل میڈیا پر پولیس یونیفارم کی تضحیک کرنے کے معاملے پر لاہور پولیس نے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کی لاہور منتقلی کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے سوشل میڈیا پر پولیس وردی کی تضحیک کرنے کے معاملہ پیش آیا تھا، جس میں ٹک ٹاکر کاشف ضمیر نے سوشل میڈیا پر پولیس وردی کا تمسخر اڑایا تھا۔

پولیس کی جانب سے ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اور پولیس اہلکار کے خلاف 2 مقدمات درج کیے گئے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق کاشف ضمیر نے پولیس کی وردی پہنے اہلکار کے ہمراہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں تھیں جن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ساکھ مجروح کرنے والی حرکات کی گئیں تھیں۔

مقدمات میں پیکا ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئیں۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کاشف ضمیر نے تقریب میں پولیس اہلکار کو نوٹوں سے بھری تھال تھمائی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹک ٹاکر نے پولیس کا مذاق اڑایا بلکہ قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے کی کوشش بھی کی۔

اس واقعے کے بعد فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، پولیس نے نہ صرف کاشف ضمیر بلکہ پولیس اہلکار کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا تھا کہ اس طرح کی حرکتیں عوام میں پولیس کے وقار اور اعتماد کو ٹھیس پہنچاتی ہیں، جو قانوناً ناقابل قبول اور قابل سزا جرم ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے کارروائی سے بچنے کیلئے آرٹیفیشل انٹلیجنس کی مدد سے دوسری ویڈیو بنائی جس میں پولیس اہلکار کے کپڑوں کا رنگ تبدیل کر دیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Similar Posts