آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو بھارتی شہر ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے فائنل میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
بھارتی اسکواڈ
بھارتی ٹیم کی قیادت سوریہ کمار یادیو کر رہے ہیں جب کہ سنجو سیمسن وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، اس کے علاوہ بھارتی پلیئنگ الیون میں ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن، ایشان کشن، سوریہ کمار یادیو، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔
انگلش ٹیم کا اسکواڈ
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت ہیری بروک کر رہے ہیں جب کہ جوز بٹلر وکٹ کیپر ہوں گے، ان کے علاوہ انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں فل سالٹ، جوس بٹلر، جیکب بیتھل، ہیری بروک، ٹام بینٹن، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاسن، جوفرا آرچر اور عادل رشید شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرکے نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گی۔
بھارت کو ایونٹ میں اب تک صرف ایک میچ میں جنوبی افریقا کے خلاف شکست ہوئی تھی جب کہ دوسری طرف انگلینڈ کا سفر چھوٹی ٹیموں کے ساتھ کانٹے دار مقابلوں سے شروع ہوا مگر بتدریج کارکردگی کا معیار بہتر ہوتا گیا۔
سپر ایٹ راؤنڈ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ اور پاکستان جیسے حریفوں کو مات دے کرسیمی فائنل میں جگہ پکی کی، انگلینڈ کا بہترین اسپن اٹیک مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن کے قدم اکھاڑنے کے لیے تیار ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں لگا تار تیسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔ 2022 میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی تھی جب کہ 2024 کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم سرخرو رہی تھی۔
مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں 5 مرتبہ مدمقابل آئیں، جس میں سے بھارت نے 3 اور انگلینڈ نے 2 بار فتح پائی۔ ٹی 20 فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 29 میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 17 بھارت جب کہ 12 انگلینڈ نے جیتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے فن الیون کی 33 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ میگا ایونٹ کا فائنل اتوار کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔