پیٹرول کی قلت، قیمت میں اضافہ؛ جامعات کا فزیکل کلاسز ختم کرکے آن لائن سیشن شروع کرنے کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read
امریکا اور اسرائیل کی ایران سے جنگ کے نتیجے میں ملک میں پیٹرول کی قلت اور قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے باعث اعلیٰ تعلیمی اداروں نے فزیکل کلاسز ختم کرتے ہوئے آن لائن سیشن شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے اور جامعہ کراچی نے صبح کی فزیکل کلاسز باقاعدہ ختم کرتے ہوئے تدریس آن لائن کردی ہے، اسی طرح دیگر جامعات نے بھی تیاری کرلی ہے۔

جامعہ کراچی کے رجسٹرار کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پیر9  مارچ سے رمضان المبارک کے اختتام تک صبح کی کلاسز آن لائن ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی انتظامیہ کا فیصلہ رمضان کے تیسرے عشرے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے جس میں ٹرانسپورٹ مسائل کے امکانات کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے اور فیصلے کے تحت جامعہ کراچی کی تمام مارننگ کلاسز آن لائن منعقد کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ ایوننگ کلاسز پہلے ہی آن لائن ہیں۔

ایکسپریس نیوز کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے بتایا کہ پیٹرول کے بحران کے سبب جامعہ کراچی نے گاڑیوں کے پیٹرول میں 25 فیصد تک کمی کردی ہے اور یہ فیصلہ فی الحال مارچ کے مہینے تک کیا گیا ہے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اعلامیے کے مطابق کراچی کیمپس میں تمام تدریسی سرگرمیاں 11 مارچ 2026 سے سمسٹر بریک کے آغاز ( 16 مارچ ) تک آن لائن جاری رہیں گی، 16 مارچ سے سمسٹر بریک ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کیمپس میں تدریسی سرگرمیاں 9 مارچ  سے 27 مارچ 2026 تک آن لائن جاری رہیں گی۔

اس سلسلے میں مزید کہا گیا کہ غیر تدریسی اعمال کو متبادل ایام میں دفتر حاضر ہونا ہوگا اور باقی ایام میں گھر سے کام کریں گے، دفاتر میں 50 فیصد عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کے اعلامیے میں کہا گیا کہ وہ تمام افسران اور اہلکار جو سرکاری گاڑیوں کے استعمال کے مجاز ہیں، انہیں ہدایت کی جاتی ہے کہ فوری طور پر سرکاری پیٹرول کا استعمال بند کر دیں تاہم خصوصی اجازت کی صورت میں زیادہ سے زیادہ 20 فیصد ماہانہ کوٹہ تک استعمال کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

اسی طرح این ای ڈی یونیورسٹی نے کلاسز آن لائن کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد نے بتایا کہ ایک اجلاس کرکے سارے انتظامات کرلیے ہیں اور کسی حکومتی فیصلے کے تناظر میں فوری عمل درآمد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فی الحال این ای ڈی میں تدریس رمضان کے سبب بند ہے، مارننگ اور ایوننگ کلاسز معطل ہیں، کلاسز آن لائن کی صورت میں طلبہ کو اسائمنٹ دیے جائیں گے اور ان پر آن لائن ڈسکشن ہوگا۔

Similar Posts