انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں شامل ٹیموں میں انعامی رقم تقسیم کردی ہیں۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد ٹورنامنٹ کی انعامی رقم کی تقسیم کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، جس کے تحت چیمپئن بھارت کو سب سے زیادہ رقم ملی جب کہ دیگر ٹیموں کو بھی کارکردگی کے مطابق ادائیگیاں کی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر تقریباً 11.25 ملین ڈالر کی انعامی رقم 20 شریک ٹیموں میں تقسیم کی گئی۔
ٹورنامنٹ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر ریکارڈ تیسرا ٹائٹل جیتنے والی بھارتی ٹیم کو سب سے بڑی رقم 26 لاکھ 39 ہزار 423 ڈالر دی گئی جب کہ رنر اپ نیوزی لینڈ کو 14 لاکھ 22 ہزار 692 ڈالر ملے۔
سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں میں جنوبی افریقا کو 10 لاکھ 5 ہزار 577 ڈالر ملے جب کہ انگلینڈ کو 9 لاکھ 74 ہزار 423 ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔
دیگر ٹیموں میں ویسٹ انڈیز کو 5 لاکھ 38 ہزار 269 ڈالر اور پاکستان کو 5 لاکھ 22 ہزار 692 ڈالر دیے گئے۔ اسی طرح زمبابوے نے بھی نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 لاکھ 91 ہزار 538 ڈالر حاصل کیے جب کہ سری لنکا کو 4 لاکھ 75 ہزار 962 ڈالر ملے۔
امریکا، آسٹریلیا اور افغانستان کو 3 لاکھ 9 ہزار 808 ڈالر فی ٹیم دیے گئے۔ اس کے علاوہ اسکاٹ لینڈ کو 2 لاکھ 78 ہزار 654 ڈالر جب کہ آئرلینڈ کو 2 لاکھ 71 ہزار 731 ڈالر کی رقم ملی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرنے والی اٹلی نے نیپال کو شکست دے کر اپنی پہلی کامیابی حاصل کی اور اسے 2 لاکھ 56 ہزار 154 ڈالر دیے گئے۔ اسی طرح نیدرلینڈز، متحدہ عرب امارات اور نیپال کو بھی یہی رقم دی گئی جب کہ کینیڈا، نمیبیا اور عمان کو بنیادی ادائیگی کے طور پر 2 لاکھ 25 ہزار ڈالر فی ٹیم فراہم کیے گئے۔
آئی سی سی کے مطابق تمام ٹیموں کو بنیادی رقم کے ساتھ ساتھ میچ جیتنے کے بونس اور ٹورنامنٹ کے مختلف مراحل تک رسائی کے حساب سے اضافی ادائیگیاں بھی کی گئیں۔