چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ ان سے گورنر کے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد نہال ہاشمی سندھ کے 35 ویں گورنر بن جائیں گے۔
سید نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے معروف وکیل اور سیاست دان ہیں۔
وہ مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔
نہال ہاشمی 28 جنوری 1960 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور ان کا شمار پاکستان کے ممتاز فوجداری اور آئینی وکلاء میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1980 کی دہائی کے آخر میں قانون کی عملی پریکٹس کا آغاز کیا۔
نہال ہاشمی نے بطور طالب علم آل پاکستان یوتھ لیگ کے نام سے اپنی سیاسی تنظیم قائم کی اور 90 کی دہائی میں باقاعدہ سیاست کا آغاز کیا۔ وہ 1992 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے۔
انہوں نے 1997 سے 1999 تک سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون، انصاف اور انسانی حقوق کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے نواز شریف کے نیب کیس اور مرتضیٰ بھٹو ٹریبونل سمیت کئی ہائی پروفائل مقدمات میں اہم قانونی کردار ادا کیا۔
نہال ہاشمی 2012 میں کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر رہے جبکہ اگست 2014 میں انہیں سندھ میں پارٹی کا جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔
2015 میں وہ مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے پنجاب کی نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے۔
نہال ہاشمی کراچی کے مسائل کو اجاگر کرنے میں سرگرم رہے ہیں اور انہیں ایک متحرک سماجی رہنما بھی سمجھا جاتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے ان کی سیاسی خدمات کے اعتراف میں انہیں سندھ کا گورنر مقرر کیا ہے۔