پڑوسی ممالک اپنی سرزمین سے امریکی فوجیوں کو نکال دیں؛ ایران کا مطالبہ

0 minutes, 0 seconds Read
امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں ایران نے خلیجی ممالک میں واقع امریکی فوجی اڈّوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس پر پڑوسی ممالک نے شکوہ بھی کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے علاقوں سے امریکی فوج کو فوری طور پر نکال دیں۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اپنے برادر ہمسایہ ممالک سے اپیل کرتا ہے کہ وہ غیر ملکی افواج کو اپنے علاقوں میں موجودگی کی اجازت نہ دیں، خاص طور پر اس وقت جب ان کا بنیادی مقصد صرف اسرائیل کے مفادات کا تحفظ ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عباس عراقچی نے مزید کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور جوابی حملوں کے تناظر میں اب وقت آ گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک غیر ملکی جارح قوتوں کو اپنے علاقوں سے نکال دیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ امریکا کی جانب سے فراہم کیا جانے والا نام نہاد سکیورٹی امبریلا ناکام ثابت ہوچکا ہے جو خطے میں امن قائم رکھنے کے بجائے مزید مسائل کو دعوت دے رہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اب خود آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے دوسرے ممالک حتیٰ کہ چین سے بھی مدد مانگ رہا ہے۔ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ امریکی حکمت عملی خطے میں استحکام فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

 

Similar Posts