کراچی؛ دو آئل ٹینکرز میں خوفناک تصادم، 2افراد کچلے گئے

0 minutes, 0 seconds Read
منگھوپیر کے علاقے میانوالی کالونی میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کنواری کالونی کے قریب ایف 11 بس اسٹاپ کے قریب آئل ٹینکر کی ٹکر سے دو افراد کو کچل دیا۔ اطلاع ملنے پر چھیپا ایمبولینس موقع پر پہنچی اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 70 سالہ لال مان شاہ ولد زیر الدین اور 25 سالہ اسد اللہ ولد بسم اللہ خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ منگھوپیر خوش نواز کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ آئل ٹینکر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ سڑک کے کنارے ایک آئل ٹینکر پہلے سے خراب حالت میں کھڑا تھا کہ پیچھے سے آنے والے آئل ٹینکر نے اسے ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں ٹینکر بے قابو ہوکر ایک ڈمپر سے بھی جا ٹکرایا اور اس دوران  دو افراد ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دونوں آئل ٹینکرز میں ڈیزل بھرا ہوا ہے جبکہ حادثے کے بعد دونوں ٹینکرز کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے احتیاطی طور پر عوام کو جائے حادثہ سے دور رکھا ہوا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے جاں بحق افراد کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ تاحال دونوں جاں بحق افراد کے حوالے سے موٹر سائیکل سوار ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور حادثہ کیسے پیش آیا تفتیش کی جا رہی ہے۔

Similar Posts