سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے ریاض میں عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے حالیہ حملوں سے خطے میں قائم ہونے والا اعتماد مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت کیے گئے، جو صورتحال کو مزید خطرناک بنا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 28 فروری سے اب تک ایران نے ریاض سمیت خلیجی ممالک—متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین اور قطر کو نشانہ بناتے ہوئے میزائلوں اور ڈرونز کی بارش کر دی ہے، جسے تہران امریکی و اسرائیلی حملوں کا جواب قرار دے رہا ہے۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق تازہ حملے میں ریاض کی جانب داغے گئے 4 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، جس سے ممکنہ بڑے نقصان کو ٹال دیا گیا۔
اب تک سعودی فضائی دفاعی نظام 457 سے زائد ڈرونز، 40 بیلسٹک میزائل اور 7 کروز میزائل تباہ کر چکا ہے۔