پاکستانی-امریکی کمیونٹی کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کی جانب سے 18 مارچ 2026 کو ریاست نیویارک میں “پاکستانی-امریکن بزنس جشن ڈے ” کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کرلی۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پائیدار اور مضبوط اقتصادی تعلقات کے قیام کے حوالے سے موجودہ قرارداد اہم سنگ میل ہے۔
مختلف اقتصادی شعبہ جات بشمول ریٹیل، مہمان نوازی، ٹیکنالوجی، مالیات، صحت کی دیکھ بھال اور رئیل اسٹیٹ سمیت کلیدی شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کا اعتراف کیا گیا۔
قرارداد کا متن تھا کہ پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے مابین اہم اقتصادی اور ثقافتی پل کے طور پر کردار ادا کر رہی ہے۔ قرارداد میں پاکستان اور ریاست نیویارک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر مزید زور دیا گیا۔
ریاست نیو یارک کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی تعلقات میں پیش رفت سے مُتعلق رپورٹ آئندہ سالوں میں باقاعدگی سے نیو یارک کے گورنر اور مقننہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔
قرارداد کی منظوری کے موقع پر سینیٹر جیسیکا راموس نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیو یارک کی تعمیر و ترقی اور کامیابی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کا فعال کردار قابلِ ذکر اور ناقابل فراموش ہے۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی جانب سے پاک امریکا مضبوط تعلقات خصوصا ریاست نیو یارک کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے سینیٹر جان لیو اور اسمبلی کے رکن نادر سائیگ کے کردار کی تعریف کی۔
سفیر پاکستان کی جانب سے امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے صدر علی راشد کی کاوشوں کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات کی مثبت پیش رفت کو معیشت کے میدان میں ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔