اسکاٹ لینڈ میں برطانوی بحری اڈّے میں گھسنے کی کوشش پر ایرانی مرد و خاتون گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read
اسکاٹ لینڈ میں ایران سے تعلق رکھنے والے جوڑے کو سنگیں الزامات پر حساس علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ گرفتاری برطانیہ کے بحری اڈے فاسلین سے عمل میں لائی گئی تھی۔ گرفتار ہونے والے 34 سالہ مرد اور 31 برس کی خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

اسکاٹ لینڈ پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ اس جوڑے کو ایچ ایم بحری اڈے کلائڈ میں شام پانچ بجے گرفتار کیا گیا تھا اور ان سے تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

برطانوی رائل نیوی کا کہنا ہے کہ ایک مرد اور خاتون نے بحری اڈّے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور اپنے حساس علاقے میں ہونے کا کوئی جواز پیش کرنے میں بھی ناکام رہے تھے۔

نیوی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات جا رہی ہیں، تاحال جوڑے کے مقصد کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ دونوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جس کے بارے میں جلد آگاہ کیا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ فاسلین بیس برطانوی رائل نیوی کی تمام جوہری آبدوزوں کا مرکز ہے جن میں وینگارڈ کلاس بیلسٹک میزائل آبدوزیں بھی شامل ہیں جو کہ ٹرائڈنٹ نیوکلیئر میزائلوں سے لیس ہیں۔

 

Similar Posts