شہر قائد کے علاقے بن قاسم میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسٹیل مل سے لوہا اور تانبہ چوری کرنے والے 9 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ملیر پولیس کے مطابق یہ کارروائی پیر اور منگل کی درمیانی شب پاکستان اسٹیل ملز کے قریب کی گئی جہاں قیمتی اسکریپ کی مسلسل چوری کی اطلاعات پر کریک ڈاؤن جاری تھا۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان رمیض، جہانگیر، ولی خان، آنوش، سلمان، وقاص، ناصر، یاسین اور اعجاز کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے 80 کلوگرام سے زائد چوری شدہ کاپر وائر بھی برآمد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار گروہ اسٹیل مل سے اسکریپ چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا اور چوری شدہ سامان مختلف گوداموں میں فروخت کرتا تھا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کیلئے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔