این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلے کی تاریخ کا اعلان، سیٹوں میں بھی اضافہ

0 minutes, 0 seconds Read
کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے نئے تعلیمی سال 2026/2027 کے ایڈمیشن کے سلسلے میں داخلہ نشستوں میں 140 سیٹس کا اضافہ کردیا ہے۔

ای ای ڈی یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئے تعلیمی سال کیلیے داخلوں کا آغاز 30 مارچ سے ہوگا،  صرف کراچی بورڈ کیلیے داخلہ نشستوں میں 16 جبکہ اے لیول کی نشستوں میں 6 سیٹس کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ دیگر تعلیمی بورڈز کی نشستوں میں اضافہ اس کے علاوہ ہے۔

سیلف فنانس کی 5 نشستیں کم کرکے انھیں بھی میرٹ نشستوں میں شامل کیا گیا ہے۔ ان فیصلوں کی سفارش یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے کی، جس کی حتمی منظوری سینڈیکیٹ کے آئندہ چند روز میں ہونے والے اجلاس سے لی جائے گی۔

این ای ڈی یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر غضنفر حسین نے “ایکسپریس” کو بتایا کہ آن لائن فارم جمع کرانے کے لیے 30 مارچ سے داخلہ پورٹل امیدواروں کے لیے کھول دیا جائے گا اور یہ 29 مئی تک کھلا رہے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ انٹر سال اول کی بنیاد پر پہلے مرحلے کا داخلہ ٹیسٹ 4 سے 7 جون تک جبکہ دوسرے مرحلے کا ٹیسٹ جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس 50 فیصد ہونگے جبکہ میرٹ کے وویٹیج میں ٹیسٹ کے 60 فیصد اور انٹر سال اول کے نتائج کے 40 فیصد مارکس شامل ہونگے۔

انہوں نے بتایا کہ فنانس کمیٹی نے یونیورسٹی کی فیسوں میں تقریبا 10 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے سیمسٹر فیس 51930 سے بڑھ کر 57 ہزار ہوجائے گی جبکہ داخلے کے وقت پہلے سیمسٹر کے آغاز پر داخلہ، سیمسٹر و دیگر فیسوں کی مد طلبہ 1 لاکھ 23 ہزار روپے جمع کرانا ہوں گے۔

اس کے علاوہ داخلہ فیس 25 ہزار سے بڑھ کر 28 ہزار کردی گئی ہے۔ مزید براں لوکل سیلف فنانس کی فیس 8 لاکھ 55 ہزار سے 8 لاکھ 90 ہزار اور اسپانسر سیلف فنانس کی رقم 10 لاکھ 65 ہزار سے 11 لاکھ روپے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ فنانس کمیٹی کی ان سفارشات کی منظوری بھی سینڈیکیٹ سے لی جائے گی۔

داخلے نشستوں میں اضافے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے رجسٹرار این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر غضنفر حسین کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کی داخلہ نشستیں اب 3016 سے بڑھ کر 3156 کرجارہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی بورڈ کی نشستوں میں 16، اے لیول کی نشستوں میں 6، آغا خان بورڈ کی نشستوں میں 7، اقلیتی کوٹے کہ نشستوں میں 12، سکھر ، نوابشاہ اور لاڑکانہ کی نشستوں میں 6/6 ، حیدرآباد کی 7 جبکہ میرپور خاص کی نشستوں میں 24 سیٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تھر کیمپس میں دو نئے پروگرام بی ایس انگریزی اور بی ایس منیجمنٹ سائنسز شروع کیا جارہا ہے۔ ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر سیلف فنانس کی 5 نشستیں کم کرکے 164 سے 159 کی گئی ہیں جو میرٹ کیٹگری کو دی گئی ہیں ان میں سے سول کے شعبے سے 4، الیکٹرک سے 1 اور کمپیوٹر سے 2 نشستیں کم کی گئی ہیں جبکہ آرکیٹیکچر کے شعبے میں 2 نشستوں کا اضافہ کیا گیا یے۔

Similar Posts