تفصیلات کے مطابق تھانہ پاپوش نگر کی حدود پاپوش نگر قبرستان میں پولیس اور اسٹریٹ کریمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا، جس دوران دوطرفہ ایک ملزم مدثر ولد محمد نعیم الدین زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی عرفان ولد انور علی بھی فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی جو تھانہ پاپوش نگر سے چوری شدہ بتائی جاتی ہے۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب تھانہ سپر مارکیٹ پولیس نے لیاری ایکسپریس وے فٹبال گراؤنڈ سی ون ایریا کے قریب اسٹریٹ کریمنلز کے ساتھ مقابلہ کیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان سہیل ولد رشید اور محمد عباس ولد محمد ریاض زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان سینٹرل پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔