گنڈی عاشق کے مقام پر ندی نالوں میں طغیانی سے سڑک زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ٹریفک بالکل مفلوج ہو کر رہ گیا۔ رات بھر جاری تیز بارش نے علاقے کے خشک نالوں کو بھر دیا اور اچانک سیلابی پانی قومی شاہراہ پر اُتر آیا۔
گنڈی عاشق کا مقام، جو پہلے ہی قدرتی طور پر کمزور سمجھا جاتا ہے، اس بار پانی کی شدت سے مکمل طور پر ڈوب گیا۔
عینی شاہدین بتاتے ہیں کہ پانی کی تیز رفتار لہریں گاڑیوں کے ٹائروں تک پہنچ گئیں اور کئی گاڑیاں پانی میں پھنس کر کھڑی ہو گئیں۔ جائے وقوع کا منظر دل دہلا دینے والا تھا جہاں ایک طرف ٹریفک کی لمبی قطاریں، جن میں بسیں، ٹرک، گاڑیاں اور موٹر سائیکلز شامل تھیں۔
مسافر گاڑیوں سے باہر نکل کر ایک دوسرے سے حالات پوچھتے، بچے رو رہے تھے، خواتین پریشان تھیں اور بوڑھے لوگ تھکاوٹ سے بیٹھے ہوئے تھے۔ ہوا میں بارش کی بو، پانی کی آواز اور مسافروں کی بے چینی کا شور گونج رہا تھا۔
ایک متاثرہ مسافر غلام محمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ صبح سویرے ہم اپنے پورے خاندان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے کہ اچانک سامنے پانی کا طوفان نظر آیا۔ گھنٹوں سے یہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ بچوں کا کھانا پانی ختم ہو گیا ہے جبکہ موبائل کی بیٹری بھی ڈاؤن ہے۔ اللہ ہی رحم کرے۔
دوسری جانب ایک خاتون مسافر نے روتے ہوئے ایکسپریس کو بتایا کہ میں اپنی بیٹی کو ڈاکٹر کے پاس لے کر جا رہی تھی۔ اب کیا کروں؟ راستہ بند ہے، کوئی مددگار نہیں۔
ضلعی انتظامیہ، قومی شاہراہ اتھارٹی این ایچ اے اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ بھاری مشینری، بلڈوزر اور مزدوروں کی ٹولیاں لگائی گئی ہیں تاکہ پانی کو نکال کر روڈ کو جلد از جلد کھولا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مکمل نگرانی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ دوپہر تک ٹریفک بحال ہو جائے۔ تاہم، ابھی تک پانی کی سطح زیادہ ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن ہے۔
حکام نے تمام مسافروں سے سخت اپیل کی ہے کہ وہ بغیر تصدیق کے اس روٹ پر نہ نکلیں۔ متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
یہ قومی شاہراہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے درمیان اہم رابط کا واحد بڑا ذریعہ ہے۔ اس بندش سے نہ صرف عام لوگوں بلکہ کاروباری نقل و حمل، مال بردار ٹرکوں اور روزمرہ کی تجارت پر بھی براہ راست اثر پڑا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے روڈ کھولنے کا کام تیزی سے جاری ہے جیسے ہی روڈ کھلنے کی تصدیق ہوگی، فوری طور پر اطلاع دی جائے گی۔
انتظامیہ کے مطابق بارش کے موسم میں قومی شاہراہوں پر سفر کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔ موسم کی پیشگوئی چیک کریں، پانی والے علاقوں سے گریز کریں اور ہمیشہ تازہ ترین اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں۔ محفوظ سفر آپ کی ذمہ داری ہے۔