بھارتی گانوں پر پابندی کا مطالبہ، ساحر علی بگا کا دوٹوک مؤقف سامنے آگیا

0 minutes, 0 seconds Read
معروف گلوکار ساحر علی بگا نے حالیہ گفتگو میں پاکستان میں بھارتی موسیقی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک بار پھر میوزک انڈسٹری سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان برابری کی بنیاد پر فیصلے ہونے چاہئیں۔

ایک انٹرویو کے دوران ساحر علی بگا نے کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی کشیدگی پیدا ہوتی ہے تو بھارت فوری طور پر پاکستانی مواد پر پابندیاں لگا دیتا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ بھارتی پلیٹ فارمز پر پاکستانی گانوں، خصوصاً اسٹریمنگ سروسز جیسے اسپاٹی فائے پر پابندی عائد ہے، لیکن اس کے برعکس پاکستان میں بھارتی گانے بدستور سنے جا رہے ہیں۔

گلوکار کا مؤقف تھا کہ اگر بھارتی حکومت یا پلیٹ فارمز پاکستانی موسیقی کو محدود کر رہے ہیں تو پاکستان کو بھی اسی نوعیت کا ردعمل دینا چاہیے۔ ان کے مطابق اپنی مقامی میوزک انڈسٹری کو فروغ دینے اور اسے عزت دینے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے کی ابتدا بھارت کی جانب سے ہوئی، اس لیے اب پاکستان میں بھی عوام اور حکومت کو اپنی انڈسٹری کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تاکہ مقامی فنکاروں کو بہتر مواقع مل سکیں اور ملکی موسیقی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
 

Similar Posts