عراق نے 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی کر لیا

0 minutes, 0 seconds Read
عراق نے انٹر کنفیڈریشن پلے آف میں بولیویا کو 1-2 سے شکست دے کر 40 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

مونتری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں ایمن حسین نے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کر کے عراق کو کامیابی دلائی، جس کے بعد وہ کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں 11 جون سے 19 جولائی تک ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی 48ویں اور آخری ٹیم بن گئی۔

فٹ بال ورلڈ کپ کے گروپ آئی میں عراق کا مقابلہ فرانس، ناروے اور سینیگال سے ہوگا۔ عراق ایشیا کی جانب سے کوالیفائی کرنے والی نویں ٹیم ہے۔

عراق نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور دسویں منٹ میں علی الحمادی نے شاندار ہیڈر کے ذریعے ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم پہلے ہاف کے وقفے سے قبل بولیویا کے موئیسز پانیگوا نے گول کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف کے 53ویں منٹ میں عراق نے ایک بار پھر برتری حاصل کی جو کھیل آخر تک برقرار رہی۔

بولیویا نے اضافی وقت میں میچ لے جانے کے لیے آخری لمحات میں کئی کارنرز حاصل کیے، مگر عراقی دفاع نے مضبوطی سے مقابلہ کیا اور کامیابی اپنے نام کر لی۔

واضح رہے کہ عراق اس سے قبل صرف ایک بار 1986 میں میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شریک ہوا تھا جہاں اسے اپنے گروپ کے تمام میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Similar Posts