پشاور: عدالتی احکامات نہ ماننے پر چار پولیس اہلکاروں کو ایک ماہ قید

0 minutes, 0 seconds Read
 

سیشن کورٹ پشاور میں جعل سازی کے مقدمے میں بطور سرکاری گواہ نامزد چار پولیس اہلکاروں کی عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے سے متعلق کارروائی کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مرزا محمد کاشف نے کی۔

سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے چاروں پولیس اہلکاروں کو ایک ماہ قید کی سزا سنا دی جبکہ ایک ایک ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ سی سی پی او چاروں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کریں اور انہیں سنٹرل جیل منتقل کیا جائے، جبکہ چودہ دن کے اندر عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے۔ عدالت نے سنٹرل جیل انتظامیہ کو بھی ملزمان وصول کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان اسسٹنٹ سب انسپکٹرز جمال شاہ اور قمر زمان مقدمے میں بطور استغاثہ گواہ نامزد تھے، جبکہ کانسٹیبل رفیق اور عالمگیر بھی استغاثہ کے گواہان میں شامل تھے۔

عدالت کے مطابق ملزمان بار بار طلبی کے باوجود پیش نہیں ہو رہے تھے، جس پر کارروائی شروع کی گئی اور سماعت مکمل ہونے پر چاروں پولیس اہلکاروں کو سزا سنا دی گئی۔

Similar Posts