تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے علاقے گرین ٹاؤن ریلوے روڈ پر مسلح افراد نے نوجوان نے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر 30 سالہ فہد کو گولی مار دی۔
متوفی کے پیٹ میں گولی لگی جو موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا تاہم لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے عوام کی مدد سے ایک ڈاکو گرفتار کرلیا جسے عوام نے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کیا ہے۔
حالیہ واقعے کے بعد شہر میں رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی جبکہ درجنوں افراد زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
اُدھر آئی جی سندھ شہر میں کرائم کی وارداتوں میں کمی کے دعوے کر رہے ہیں جو کہ زمینی حقائق کے برعکس دکھائی دیتے ہیں۔ ایک روز قبل صنعت کاروں کی ایسوسی ایشن سے خطاب میں آئی جی سندھ نے دعویٰ کیا تھا کہ شہر میں جرائم کی شرح کم ہوگئی ہے جبکہ اب کراچی میں امن و امان لندن و نیویارک سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ کراچی میں گزشتہ سال 16500 موبائل چھنے جبکہ لندن میں ایک سال کے دوران 86 ہزار وارداتیں رپورٹ ہوئیں ہیں۔
اس حوالے سے ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی کاشف ربانی نے بتایا کہ واقعہ موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے تاہم پولیس نے موقع پر موجود عوام کی مدد سے ایک ڈاکو کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔
انھوں ںے بتایا کہ پکڑے جانے والے ڈاکو کو مشتعل افراد نے تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا جسے پولیس نے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا جبکہ مقتول شاہ فیصل کالونی گرین ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے دوران شہر میں سفاک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر درجنوں شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی بھی کر دیا۔