ٹرمپ کی ایران کو 48 گھنٹے کی دھمکی پر عالمی ردعمل، البرادعی نے دنیا کو خبردار کر دیا

0 minutes, 0 seconds Read
نیویارک/واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو دی گئی 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، خاص طور پر عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سابق سربراہ نے اس بیان پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

محمد البرادعی نے اپنے ردعمل میں خلیجی ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر فعال کردار ادا کریں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، سلامتی کونسل،ٓ یورپی کونسل، فرانس، چین اور روس فوری طور پر مداخلت کریں تاکہ خطے کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔

محمد البرادعی نے اپنے بیان میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کیا عالمی طاقتیں اس صورتحال کو روکنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا سکتیں، اس سے پہلے کہ حالات مزید بگڑ جائیں۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ 48 گھنٹوں کے اندر یا تو کسی معاہدے پر آمادہ ہو جائے یا آبنائے ہرمز کو کھول دے، بصورت دیگر اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ماہرین کے مطابق اس طرح کے بیانات خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں، جس کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

Similar Posts