پی ایس ایل: اسٹیو اسمتھ نے اپنے ساتھی ٹیم کے کھلاڑی پیٹر سڈل کو ’چاچا‘ کہہ دیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ کے دوران ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ ملتان سلطانز کے اسٹیو اسمتھ نے پیٹر سڈل کو پوسٹ میچ گفتگو میں چاچا کہہ کر مخاطب کیا۔

ملتان سلطانز کی راولپنڈی کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد جب اسٹیو اسمتھ اور پیٹر سڈل میچ کے بعد ایک دوسرے سے گفتگو کر رہے تھے، تو اسٹیو اسمتھ نے گفتگو کا آغاز ہی بڑے دلچسپ انداز میں کیا۔ انہوں نے پیٹر سڈل کو چاچا کہہ کر مخاطب کیا اور بتایا کہ یہاں سب انہیں اسی نام سے جانتے ہیں۔ اس موقع پر دونوں کرکٹرز خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے اور اس بات پر خوب مسکرائے۔

اس دلچسپ لقب کی کہانی دراصل بگ بیش لیگ سے شروع ہوئی تھی جہاں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے پہلی بار پیٹر سڈل کو چاچا کہنا شروع کیا تھا۔

پیٹر سڈل نے بھی اس لقب کو برا ماننے کے بجائے بڑے دل کے ساتھ قبول کیا ہے۔ چند روز قبل ایک میڈیا گفتگو میں انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خود کو غیر ملکی چاچا جبکہ افتخار احمد کو لوکل چاچا کہا۔

میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں نے ملتان سلطانز کی جیت اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پیٹر سڈل کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور گیند بازوں نے حریف ٹیم کو کم اسکور تک محدود رکھا۔

اسٹیو اسمتھ نے اسپن بولرزبالخصوص محمد نواز اور عرفات کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کپتان کی جانب سے کی گئی بولنگ نے بھی ہدف کے تعاقب کو آسان بنایا۔

اسٹیو اسمتھ نے اپنی گفتگو میں شان مسعود کی بیٹنگ کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شان مسعود ہر میچ کے ساتھ اپنی کارکردگی میں بہتری لا رہے ہیں اور ان کے پاس شاٹس کھیلنے کے لیے بہترین طاقت موجود ہے۔ پیٹر سڈل نے اسٹیو اسمتھ کی اننگز اور ان کی صاحبزادہ فرحان کے ساتھ پارٹنر شپ کو ٹیم کی کامیابی کے لیے اہم قرار دیا۔ ملتان سلطانز کی اس فتح اور کھلاڑیوں کے درمیان اس خوشگوار ماحول نے سوشل میڈیا پر بھی دھوم مچا دی ہے۔

Similar Posts