ایم کیو ایم سے اپیل ہے جلسے جلوس نہ کرے، نئے صوبوں کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں پارلیمان میں ہوگا: شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان سے فی الحال جلسے جلوس نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمان میں ہوگا جب کہ سندھ حکومت کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتی، اس لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
کراچی میں سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 29 نومبر کو ایک قوم پرست جماعت نے ریلی کی کال دی ہے جب کہ ایم کیو ایم پاکستان نے اسی مقام پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ سندھ حکومت دونوں جماعتوں سے رابطہ کرے گی اور ان سے گزارش کرے گی کہ فی الحال اس طرح کا ماحول پیدا نہ کریں۔
شرجیل میمن نے اعلان کیا کہ اس سلسلے میں 4 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں نثار کھوڑو، وقار مہدی، ناصر شاہ اور ضیا لنجار شامل ہیں۔ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان اور قوم پرست جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم فی الحال جلسے جلوس نہ کرے، اس حوالے سے آج ہی رابطہ کیا جائے گا۔ سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ صوبے میں کشیدگی کا ماحول پیدا ہو۔ نئے صوبوں کا فیصلہ سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمان میں ہونا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کی سیاست پر مؤقف
سینر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی پرتشدد سیاست نہیں کرتی اور نہ ہی اس جماعت نے کبھی ہتھیار اٹھائے ہیں، پیپلز پارٹی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت جو کچھ ہوا، وہ عوام کا فطری ردعمل تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا تھا جب کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا بم دھماکا کراچی میں ہوا اور 18 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے سیکڑوں جیالے شہید ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح طور پر کہا ہے کہ لوگ بھٹو خاندان کو جانتے ہیں، بلاول بھٹو کے بیان کو غلط رنگ دیا گیا، اختلاف رائے پر کسی کو فتوے نہیں دینے چاہئیں۔
سندھ کابینہ کے اہم فیصلے
شرجیل میمن کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری بھی دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کو صنعتی شعبے کا درجہ دینے اور معدنی وسائل پر صوبائی حکومت کا اختیار برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ سرکاری زمین کی شفاف الاٹمنٹ کے لیے قانون سازی کی جائے گی جب کہ گندم کے کاشتکاروں کے لیے 16 ارب 90 کروڑ روپے کے امدادی پروگرام کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس پروگرام کے تحت 6 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے شکار کے نئے اجازت نامے جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ بٹیر، تیتر اور دیگر شکاری پرندوں کے شکار کی مقررہ تعداد کم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے، اس کے علاوہ وائلڈ لائف گارڈز کی 399 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔
صحت کے شعبے میں منصوبے
شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے آنکولوجی کمپلیکس کے لیے مزید ڈیڑھ ارب روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کے مطابق لاڑکانہ میں 200 بستروں پر مشتمل یورولوجی اینڈ نیفرولوجی اسپتال کی تعمیر کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے، جبکہ تھرپارکر میں ماں اور بچے کی صحت کے 9 مراکز مزید تین سال تک جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔
تھرپارکر اور عمرکوٹ کیلئے امدادی پیکیج
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق سندھ کابینہ نے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی پیکیج کی منظوری بھی دی ہے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق دونوں اضلاع کے 2 لاکھ 73 ہزار 666 بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین کو ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ خشک سالی سے متاثرہ خاندانوں کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مالی امداد دی جائے گی۔
تعلیم، آئی ٹی اور دیگر منصوبے
انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے نرسنگ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت جدید شعبوں میں اسکالرشپس بڑھانے کی منظوری دی ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ سندھ میں 769 کمپیوٹرز کی خریداری کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے لیے 54 کروڑ ڈالر کے پروگرام کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
کراچی سیف سٹیز منصوبے کا دوسرا مرحلہ
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق سندھ کابینہ نے کراچی سیف سٹیز منصوبے کے دوسرے مرحلے کے لیے 5 ارب 76 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، اس مرحلے کو 18 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ یہ کنٹریکٹ حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) کی بنیاد پر ہے اور کسی نجی کمپنی کو نہیں دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کابینہ نے کراچی کے لیے 500 الیکٹرک بسیں خریدنے کی بھی منظوری دی ہے۔