اداکارہ نادیہ حسین کا گھر پر ایف آئی اے کے چھاپے کے حوالے سے موقف سامنے آ گیا، آج نیوز کے رابطہ کرنے پر کہا مجھے گرفتار نہیں کیا گیا، ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم میرے گھر پر آئی تھی۔
اداکارہ نادیہ حسین نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم کی ٹیم میرے گھر پر آئی تھی، میرا فون لے کر گئے ہیں، میں نے انہیں اپنے ساتھ فراڈ کی تمام تفصیلات فراہم کردی ہیں۔
نادیہ حسین کو تصدیق کے بغیر فیک کال کو ایف آئی اے حکام سے منسوب کرنا مہنگا پڑگیا
ادھراداکارہ نادیہ حسین کو تصدیق کے بغیر فیک کال کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سے منسوب کرکے بلیک میلنگ کے الزامات لگانا مہنگا پڑ گیا، نجی بینک میں خرد برد کا معاملے پر ایف آئی اے نے کا نادیہ حسن کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
شوہر کی گرفتاری کا معاملہ : نادیہ حسین نے ایف آئی اے پر رشوت طلب کرنے کا الزام عائد کردیا
حکام کے مطابق ایف آئی اے کو بدنام کرنے کی کوشش پر نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے، نادیہ حسین کو اگلے ہفتے بیان قلمبند کرانے کے لیے پابند کیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کہنا ہے کہ اداکارہ نادیہ حسین کے الزامات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ایک منظم ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے جو ملکی قوانین کے تحت سنگین جرم ہے۔
ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے نجی بینک کے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو 8 مارچ 2025 کو گرفتار کیا، ملزم عاطف محمد خان بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکا دہی میں ملوث پایا گیا۔
گرفتاری کے بعدعاطف کی اہلیہ نادیہ حسین کو جعلساز کی جانب سے رشوت طلب کرنے کے لیے واٹس ایپ پر کال کی گئی، جعلساز نے ایف آئی اے کے سینئر افسر کی تصویر بطور ڈی پی استعمال کی۔
نادیہ حسین نے ایف آئی اے کراچی سے رابطہ کیا، ایف آئی اے نے انہیں سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر کراچی میں شکایت درج کروانے کی ہدایات کیں لیکن نادیہ حسین نے شکایت درج کروانے کے بجائے سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جو قانون جرم ہے۔
بینک فراڈ کیس: ایف آئی اے نے اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کو گرفتار کرلیا
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اداکارہ نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد کو بغیر ثبوت اور شواہد کے بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، شہری کسی بھی مشکوک کال یا رابطے کی صورت میں فوری متعلقہ ادارے سے رجوع کریں۔
واضح رہے کہ فراڈ کیس میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کی ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتاری کے معاملے پر نادیہ حسین نے مبینہ جعلساز ایف آئی اے افسر پر رشوت طلبی کا الزام عائد کیا تھا۔
معروف اداکارہ ںادیہ حسین نے اپنی انسٹا گرام آئی ڈی پر ایف آئی اے افسر پر رشوت مانگنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مبینہ آڈیو بھی لیک کردی تھی۔
انسٹا گرام آئی ڈی پر نادیہ حسین نے الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے بھاری رشوت مانگی، مجھے حیرت ان لوگوں پر ہے جو مجبور لاچار عورت سے منہہ پھاڑ کر پیسے مانگتے ہیں۔
یاد رہے کہ نجی بینک میں 540 ملین روپے کی خرد برد کا معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو 08 مارچ 2025 کو گرفتار کیا تھا۔
ملزم عاطف محمد خان بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکا دہی میں ملوث پایا گیا تھا، ملزم نادیہ حسین کے شوہر ہیں۔