پنجاب بھر میں سرکاری اسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی او پی ڈی میں ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے، جس کے باعث ہزاروں مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
لاہور کے بڑے سرکاری اسپتالوں سروسز، پی آئی سی، جناح، جنرل، چلڈرن، گنگارام اور میو اسپتال میں او پی ڈیز مکمل طور پر بند ہیں۔ دیگر شہروں میں بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں نشتر اسپتال ملتان، ڈی ایچ کیو بہاولپور، فیصل مسعود اسپتال سرگودھا اور ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی میں بھی ڈاکٹرز نے او پی ڈی میں کام بند کر رکھا ہے۔
پنجاب میں سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کیخلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال، او پی ڈیز بند
اس ہڑتال کی وجہ سے اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ طویل انتظار کے بعد ڈاکٹرز کی غیر موجودگی کے باعث کئی مریض مایوس ہو کر واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔
ینگ ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ حکومت نجکاری کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لے اور اسپتالوں کی بہتری کے لیے مشاورت سے پالیسی بنائی جائے۔
گرینڈ ہیلتھ الائنس کا احتجاج، سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز کا بائیکاٹ
ادھر محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متبادل انتظامات پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم فی الحال مریضوں کو درپیش مشکلات پر کوئی واضح حل سامنے نہیں آ سکا۔