تحریک انصاف نے دہشت گردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز دے دی۔ بیرسٹر گوہر نے کہا سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے ایک اور اے پی ایس سانحہ ہونے سے روک دیا۔ اسد قیصر نے کہا حکومت میں اخلاقی جرات ہوتی تو معافی مانگتی اور مستعفی ہو جاتی۔
اپوزیشن گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی نے کہا کہ انتخابات سے قبل تمام اداروں کو تجویز دی تھی کہ وہ بیٹھ کر ”رول آف لا“ پر بات کریں، لیکن موجودہ صورتحال اس بات کا غماز ہے کہ انتخابات زر اور زور کی طاقت پر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے ایک سال بعد بھی یہ لوگ ضد پر اڑے ہوئے ہیں، یہ بحران ان لوگوں سے سنبھلنے والا نہیں، میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی حیثیت سے کہتا ہوں آپ لوگ پیچھے ہوجائیں۔
اپوزیشن اتحاد میں جے یو آئی شامل ہوگی یا نہیں، پی ٹی آئی کی عمران خان سے مشاورت مکمل
محمود اچکزئی نے کہا کہ جو ملک میں حالات ہیں اس پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز موجود ہوں، ہم نے جس انداز میں ملک میں حکمرانی کا آغاز کیا ہے، اس طرح کے حالات بنتے رہیں گے، اس کا علاج اے پی سی ہے۔
چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ فوج ، سپاہی اور جو بھی لڑ رہا ہے وہ اسی وطن کے ہیں، سب کا علاج یہ ہے کہ گزشتہ گناہوں پر معافی مانگیں اور جو آئین موجود ہے اس پر عمل کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک اور اے پی ایس سانحہ ٹل گیا، حکومتی وزرا کو پی ٹی آئی پر تنقید کی بجائے دہشت گردی کے خلاف اتحاد کی ضرورت پر زور دینا چاہیے، سنگین معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی ضرورت ہے۔
موجودہ ایوان اگر جعلی ہے تو کیا چیئرمین قائمہ کمیٹی غیر قانونی نہیں؟ ایاز صادق
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک اور اے پی ایس سانحہ ہونے سے روکا، ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس کے خلاف ہم سب متحد ہوں۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے انارکی کی صورتحال تھی۔ انہوں نے انارکی کی وجوہات جاننے کے لیے ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔
قومی اسمبلی میں بلوچستان ٹرین واقعے پر کوئی بات نہیں کررہا، عمر ایوب کا شکوہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر اس بحران کا حل نکالنا ہوگا، معاملے پر ان کیمرہ اجلاس بلانا چاہیے، جس میں ہم تمام سوالات رکھیں گے، ہمیں کسی سے پاکستانی ہونے کا سرٹفیکیٹ نہیں لینا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہمارے اندر اخلاقی جرات ہے، اگر کوئی مشکل پیدا ہورہی ہے تو اس کی گہرائی میں جانا ہے، کسی بھی مسئلے کا حل ڈائیلاگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن گرینڈ الائنس کی طرف سے گرینڈ کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا، آج ہم سب لوگ ایک دوسرے کے دست وگریبان ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ ہم پاکستان کی بقا چاہتے ہیں، پاکستان کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں، یہی بانی پی ٹی آئی اور اس کمرے میں بیٹھے سب لوگوں کی خواہش ہے۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہاکہ اگر حکومتی رہنماؤں نے اپنی غلطیوں پر معافی مانگی ہوتی تو صورتحال مختلف ہوتی، حقیقی عوامی حکومت کے قیام تک ملک میں اس طرح کے واقعات کا حل ممکن نہیں ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے کہاکہ ملک میں موجودہ بحران کا حل صرف ڈائیلاگ، آئین کی صحیح تشریح اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں میں ہے۔
رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک کی موجودہ صورتحال کا حل نکال سکیں۔