ویرات کوہلی کا جنوبی افریقی ماڈل کی تصویر کو مبینہ’لائک‘، سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اس وقت ٹرینڈ کرنے لگے جب ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک غیر ملکی انفلوئنسر کی تصویر کو مبینہ طور پر ”لائک“ کیے جانے کے بعد انٹرنیٹ پر میمز اور مزاحیہ تبصروں کی بھرمار شروع ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب کوہلی کے اکاؤنٹ سے جرمن-ساؤتھ افریقی ٹریول وِلاگر اور کنٹینٹ کریئیٹر لِز لَز(جینیفر) کی ایک پرانی پوسٹ کو ’لائک‘ کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔

جیسے ہی یہ لائک سوشل میڈیا صارفین کے سامنے آیا، اس کے اسکرین شاٹس تیزی سے وائرل ہو گئے اور صارفین نے ایک بار پھر اس واقعے کو مزاحیہ انداز میں لینا شروع کر دیا۔

ویرات کوہلی کے ساتھ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے۔ اس سے قبل 2025 میں بھی کوہلی نے بھارتی اداکارہ اونیت کور کی ایک تصویر لائک کی تھی، جس پر ہنگامہ کھڑا ہونے کے بعد انہوں نے باقاعدہ وضاحت جاری کی تھی کہ یہ ”ایلگورتھم کی غلطی“ تھی اور ان کا کسی قسم کا ارادہ شامل نہیں تھا۔

کوہلی کے مداحوں اور سوشل میڈیا ٹرولز نے اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ سوشل میڈیا پر ’الگورتھم‘ ایک بار پھر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور مختلف میمز اور مزاحیہ تبصروں کی لائن لگ گئی۔

ایک صارف نے لکھا، ”بھائی اب ایک اور لمبا پیراگراف آنے والا ہے جس میں وہ ایلگورتھم کو قصوروار ٹھہرائیں گے۔“

جبکہ دوسرے نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ”انسٹاگرام خود ہی فیصلے کر رہا ہے، ہم کچھ نہیں کر سکتے“۔

ایک اور دلچسپ تبصرہ تھا، ”لگتا ہے اکائے (کوہلی کا بیٹا) کے ہاتھ میں فون آ گیا ہے، اس سے موبائل واپس لے لو!“

کچھ مداحوں کا خیال ہے کہ کوہلی ایک بار پھر ایسا ہی بیان جاری کریں گے، جس میں وہ کہیں گے کہ یہ بھی ایک اور’الگورتھم کی غلطی‘ تھی اور انہوں نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا۔

دوسری جانب کچھ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کوہلی کی جانب سے اس معاملے پر کوئی نیا باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ان کا نام ایک بار پھر غیر ارادی سوشل میڈیا ایکشنز کی وجہ سے خبروں میں آ گیا ہے۔

یاد رہے کہ جرمن نژاد انفلوئنسر لِزلَز مختلف ممالک میں سفر، ثقافت اور لائف اسٹائل سے متعلق ویڈیوز کے لیے جانی جاتی ہیں اور سوشل میڈیا پر خاصی فالوونگ رکھتی ہیں۔ وہ بھارت میں اپنے گانے ”سموسہ سموسہ“ کی وجہ سے خاصی مقبول ہیں۔ وہ بنگلور اور دہلی کے ٹریفک پر بھی دلچسپ ویڈیوز بناتی رہتی ہیں۔

مداح اب بے صبری سے کوہلی کی انسٹاگرام اسٹوری کا انتظار کر رہے ہیں کہ آیا وہ دوبارہ اس واقعے کو ’ٹیکنیکل گلِچ‘ قرار دیں گے یا اس بار خاموشی اختیار کریں گے۔

Similar Posts