ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک 7 میں گھر کے اندر مبینہ طور پر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محسود کی بیٹی 18 سالہ ماہ نور سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں قریب واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ماہ نور دوران علاج دم توڑ گئیں۔
ایس ایچ او محمد سعود کے مطابق ماہ نور متحدہ قومی موومنٹ سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی کی بیٹی اور میڈیکل کی طالبہ تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اہل خانہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ ماہ نور گھر کے اندر سیڑھیوں سے گر گئی تھی اور سر پر چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگئی تھیں، انہیں گلشن اقبال میں واقع پٹیل اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ اتوار کو دم توڑ گئیں۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس کو چھان بین کے دوران معلوم ہوا کہ ماہ نور کو سر پر گولی لگی تھی جو کہ بعد میں اہل خانہ نے اندھی گولی قرار دیا اور قانونی کارروائی کروانے سے انکار کردیا ہے تاہم پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
بعد ازاں مقتولہ کی نماز جنازہ گلشن اقبال بلاک 7 میں مدینہ مسجد جامعہ مدینہ اسلامیہ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں اہل خانہ اور عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مقتولہ کی تدفین مقامی قبرستان میں کردی گئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اظہار تعزیت
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال خان محسود سے ان کی صاحبزادی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
مرکزی کمیٹی نے تعزیتی بیان میں اقبال خان محسود سمیت تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہا کہ یقیناً یہ صدمہ بہت بڑا ہے دکھ کی اس مشکل گھڑی میں ایم کیو ایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔