ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرۂ عمان میں ایرانی فورسز نے ایک ایرانی تجارتی جہاز کو قبضے میں لینے کی مبینہ امریکی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ بحیرۂ عمان میں پیش آیا، تاہم بیان میں متعلقہ جہاز کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ امریکی فورسز نے ایرانی تجارتی جہاز کو ایرانی حدود میں واپس جانے پر مجبور کرنے کے لیے فائرنگ کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جہاز کی مدد کی جس کے بعد امریکی فورسز کو پسپا ہونا پڑا اور وہ علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج ایک ایرانی مال بردار جہاز ٹوسکا نے امریکی بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کی مگر یہ ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا، ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز ٹوسکا کو امریکی بحریہ نے تحویل میں لے لیا ہے۔