واہگہ بارڈر پر نعرے لگاکر شہریوں کا جوش و جذبہ بڑھانے والے محمد شفیق انتقال کرگئے

0 minutes, 0 seconds Read
واہگہ بارڈر پر ہر شام پریڈ کے دوران نعرے لگا کر شہریوں کا جوش و جذبہ بڑھانے والے محمد شفیق انتقال کرگئے۔

ذرائع کے مطابق محمد شفیق طویل عرصے سے جگر اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ چند روز سے ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج تھے، ان کی حالت کچھ عرصہ سے تشویشناک تھی۔

محمد شفیق 2002 سے باقاعدگی کے ساتھ واہگہ بارڈر پریڈ میں شریک ہوتے تھے۔ وہ نہ صرف بلند آواز میں نعرے لگا کر حاضرین کا جوش بڑھاتے بلکہ اپنی منفرد انداز اور ولولہ انگیز موجودگی سے ماحول کو گرما دیتے تھے جس کے باعث وہ پریڈ کا ایک پہچانا جانے والا چہرہ بن چکے تھے۔

وہ واہگہ بارڈر کے قریب ’جلو موڑ‘ کے علاقے میں ایک بیکری میں ملازمت کرتے تھے اور روزانہ کام کے بعد پریڈ میں شرکت کو اپنی معمول کی زندگی کا حصہ بنائے ہوئے تھے۔

محمد شفیق کی میت آج صبح ان کے آبائی گاؤں جلالپور جٹاں، ضلع گجرات روانہ کر دی گئی، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔ ان کے انتقال پر علاقے میں افسوس کی فضا ہے جبکہ واہگہ بارڈر آنے والے شہریوں کی بڑی تعداد بھی انہیں یاد کر رہی ہے۔

Similar Posts