امریکا ایران جنگ بندی خطرے میں: تیل کی قیمتوں میں 5 فیصد اضافہ

0 minutes, 0 seconds Read

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران تقریباً 5 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے ٹوٹنے کے خدشات اور آبنائے ہرمز میں تجارتی سرگرمیوں کی غیر یقینی صورتحال بتائی جا رہی ہے۔ یہ صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوئی جب امریکا نے ایک ایرانی کارگو جہاز کو قبضے میں لے لیا اور خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے امکانات پیدا ہو گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی برینٹ کروڈ آئل 4.19 ڈالر (4.6 فیصد) اضافے کے ساتھ 94.57 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل 4.60 ڈالر (5.5 فیصد) اضافے کے ساتھ 88.45 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔

واضح رہے کہ دونوں بینچ مارکس میں جمعہ کے روز 9 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جو 18 اپریل کے بعد ایک دن کی سب سے بڑی گراوٹ تھی۔ یہ کمی اس اعلان کے بعد سامنے آئی تھی جب ایران نے کہا تھا کہ جنگ بندی کے دوران آبنائے ہرمز سے تجارتی بحری جہازوں کی آمدورفت کھلی رہے گی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے کہا تھا کہ ایران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ آئندہ کبھی آبنائے ہرمز بند نہیں کرے گا، جس کے ذریعے جنگ سے قبل دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی سپلائی گزرتی تھی۔

اسپاٹا کموڈٹیز کی تجزیہ کار جون گوہ کے مطابق جمعہ کو آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلے رکھنے کے اعلان کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی پاسداران انقلاب کی جانب سے پہلے ہی کئی ٹینکروں پر حملے کیے جا چکے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ کی بنیادی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے کیونکہ روزانہ 10 سے 11 ملین بیرل خام تیل کی پیداوار متاثر یا بند ہے۔

خیال رہے کہ امریکا نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے ایک ایرانی کارگو جہاز کو قبضے میں لے لیا جو اس کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔

تہران نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے مجوزہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات میں شرکت نہیں کرے گا، جو دو ہفتے کی جنگ بندی ختم ہونے سے قبل شروع ہونا تھے۔

دوسری جانب کیپلر کے ڈیٹا کے مطابق ہفتے کے روز 20 سے زائد بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز کو عبور کیا تھا، جو خام تیل، مائع پیٹرولیم گیس، دھاتوں اور کھاد لے جا رہے تھے۔ یہ یکم مارچ کے بعد کسی بھی دن سب سے زیادہ ٹریفک تھی۔

Similar Posts