بھارت کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہ پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال گزر چکا، یہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا جس کا اسکرپٹ پہلے سے تیار تھا، واقعے کی ایف آئی آر 10 منٹ میں درج کرلی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات کو بیرونی معاملات بناکر پیش کرتا ہے اور بیرونی معاملات کو اندرونی بناتا ہے، دہشت گردی بھارت کا اندرونی معاملہ ہے جسے وہ بیرونی معاملہ بناکر پیش کرتا ہے جبکہ کشمیر تسلیم شدہ بین الااقوامی مسئلہ ہے جسے بھارت اپنا اندرونی مسئالہ قرار دیتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کا پروموٹر اور پاکستان دہشت گردی کا متاثر ملک رہا ہے، پاکستان پہلگام میں نشانہ بننے والے شہریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے، پاکستان نے پہلگام واقعے پر بین الاقوامی سطح پر غیر جانبدار انکوائری کی پیشکش کی لیکن بھارت کا انکار یہ ثابت کرتا ہے کہ یہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ بغیر ثبوت اور انکوائری کے فوری طور پر پاکستان پر الزام دھر دیا گیا، پاکستان نے ثبوت مانگا تو بھارت کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ یہ ایک مکمل طور پر جھوٹا آپریشن تھا جسے بھونڈے طریقے سے انجام دیا گیا، آج تک دنیا سوال پوچھ رہی ہے اور بھارت کے پاس دینے کو کوئی جواب نہیں ہے۔