خیبر پختونخوا اسپیشل انیشی ایٹوز آرڈیننس 2026 کے اہم نکات سامنے آ گئے
صدر مملکت کی جانب سے جاری کیے گئے خیبر پختونخوا اسپیشل انیشی ایٹوز آرڈیننس 2026 کے اہم نکات سامنے آ گئے ہیں، جس کے تحت صوبے کے 12 نامزد اضلاع میں خصوصی ترقیاتی اقدامات، امن و امان کی بحالی، گورننس کی بہتری اور ان منصوبوں کی منظوری، خریداری، عملدرآمد و نگرانی کے لیے قانونی فریم ورک قائم کیا گیا ہے۔
یہ آرڈیننس فوری طور پر نافذ العمل ہو گا اور اس کا اطلاق خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع پر ہو گا جن میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، شمالی وزیرستان، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند اور باجوڑ شامل ہیں۔
آرڈیننس میں ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ اور ایڈمنسٹریٹر کی تعریف بھی متعین کی گئی ہے، جبکہ خصوصی اقدامات میں ترقیاتی اسکیمیں اور بحالی و تعمیر نو کے منصوبے شامل ہوں گے۔
آرڈیننس کے اہم مقاصد میں نامزد اضلاع میں امن و امان کی بحالی، قانون کی حکمرانی اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی شامل ہے۔
اس آرڈیننس کے تحت ان اضلاع میں سماجی و معاشی ترقی تیز کرنے، گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور انتظامیہ تک عوامی رسائی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد بڑھانے کے لیے انسانی وسائل، انفراسٹرکچر اور جدید آلات کی فراہمی پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت یہ آرڈیننس جاری کیا ہے، جس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے حوالہ جات کے ساتھ آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کا ذکر شامل ہے، اور یہ اقدام سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس نہ ہونے کے باعث اٹھایا گیا۔
آرڈیننس کے تحت نامزد اضلاع کے لیے ایک ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور ارکان کو وزیراعظم نامزد کریں گے، جبکہ اجلاسوں میں فیصلے اکثریت کی بنیاد پر ہوں گے اور چیئرمین کو اضافی رکن یا تکنیکی ماہر شامل کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔
یہ کمیٹی ہنگامی نوعیت کے خصوصی اقدامات کی نشاندہی، تجاویز اور پی سی ون کی منظوری دے گی، عملدرآمد کے لیے متعلقہ ادارے کی نشاندہی کرے گی اور متعلقہ اداروں کی نشاندہی کے بعد تجاویز بھی پیش کرے گی۔
آرڈیننس کے نفاذ کے بعد نامزد اضلاع میں ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل، پی سی ون کی منظوری اور ترقیاتی و سیکیورٹی منصوبوں پر عملدرآمد کے مراحل آگے بڑھائے جائیں گے۔