ٹرمپ کے بیانات کا اثر، یورپی عوام نے امریکا کو چین سے بڑا خطرہ قرار دے دیا

0 minutes, 0 seconds Read
یورپ میں کیے گئے ایک حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے یورپ مخالف بیانات کے بعد یورپی عوام کے خیالات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جہاں ایک بڑی تعداد اب امریکا کو چین کے مقابلے میں بڑا خطرہ سمجھنے لگی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جرمنی سمیت چھ یورپی ممالک میں کیے گئے اس سروے میں مجموعی طور پر 36 فیصد افراد نے امریکا کو بڑا خطرہ قرار دیا، جبکہ 29 فیصد نے چین کو خطرہ کہا ہے۔

یوروپلس کے اس سروے میں مختلف یورپی ممالک کے نتائج بھی سامنے آئے۔ اسپین میں 51 فیصد افراد نے امریکا کو خطرہ قرار دیا، جبکہ اٹلی میں یہ شرح 46 فیصد رہی۔ اسی طرح بیلجیم میں 42 فیصد اور جرمنی میں 30 فیصد افراد نے امریکا کو زیادہ خطرناک سمجھا۔

دوسری جانب فرانس میں رائے کچھ مختلف رہی، جہاں 37 فیصد نے امریکا جبکہ 43 فیصد نے چین کو بڑا خطرہ قرار دیا۔ پولینڈ میں صرف 13 فیصد افراد نے امریکا کو خطرہ سمجھا، جبکہ 37 فیصد نے چین کو بڑا خطرہ قرار دیا۔

ماہرین کے مطابق یہ نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یورپ میں عالمی طاقتوں کے حوالے سے عوامی رائے تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، اور اس میں سیاسی بیانات، خارجہ پالیسی اور عالمی کشیدگی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

Similar Posts