کراچی : شاہراہ بھٹو پر تاجر سے 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

0 minutes, 0 seconds Read
کراچی : شاہراہ بھٹو پر تاجر سے مبینہ طور پر 25 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔

 ذرائع کے مطابق ڈیفنس کے رہائشی تاجر حفیظ الرحمان لانڈھی داؤد چورنگی سے اپنی گاڑی شاہراہ بھٹو کے راستے قیوم آباد کے قریب پہنچے، قیوم آباد کی جانب اترتے ہوئے تعاقب میں آنے والی گاڑی نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماردی۔

تاجر نے حادثہ جان کر گاڑی سائیڈ پر روکی اورپیچھے جا کرگاڑی والوں سے باز پرس کرنے لگا، اسی دوران4  موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان ون وے کے ذریعے جائے حادثہ پر پہنچے اورانہیں یرغمال بنالیا، ملزمان تاجر پر تشدد کرتے ہوئے اسے واپس گاڑی میں لے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزمان نے گاڑی کے پائیدان پررکھے 25 لاکھ روپے کا تھیلا اٹھایا، مزاحمت کرنے پر اسلحے کے بٹ مار کر تاجر کو زخمی بھی کیا، ملزمان نے گالم گلوچ اورتشدد کرتے ہوئے تاجر کو گاڑی میں بٹھایا اور اسلحے کے زور پر روانہ کردیا۔واردات کے بعد تاجرحفیظ الرحمان نے فوری طورپرمددگار 15 پولیس کو اطلاع دی اوراپنے دفتر کو بھی آگاہ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 9 اور 10 اپریل کی درمیانی شب پیش آیا، تاجر حفیظ الرحمان ہائیڈرنٹ کا مالک ہے، وہ قائد آباد میں واقع اپنے ہائیڈرنٹ سے ڈیفنس فیز8 میں واقع اپنی رہائش گاہ جارہے تھے۔

پولیس کے مطابق تاجر کے دوست و منیجرکاشف اور نورا نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی جس پر پولیس نے شاہراہ بھٹو پر لگے کیمروں کی فوٹیجز حاصل کیں اور واقعے کی جانچ پڑتال کی، پولیس نے انہیں  واقعے کی ایف آئی آردرج کرنے کا کہا توانہوں نے آیف آئی آر درج کرانے سے انکار کردیا۔ پولیس کی جانب سے دوبارہ رابطہ کرنے پرکاشف نے تھانے آکر روزنامچہ درج کرایا اور لکھا کہ ہم کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

Similar Posts