شیخ حسینہ نے وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا، بنگلادیشی حکومت کا مؤقف بھی سامنے آگیا
بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی کا معاملہ ایک بار پھر اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ بھارت میں دو سال سے زائد عرصے سے جلاوطنی کی زندگی گزارنے کے بعد شیخ حسینہ نے واپسی کے لیے تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کے ترجمان نے آج بتایا کہ سابق وزیراعظم 16 دسمبر کو بنگلادیش واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ یہ تاریخ بنگلادیش کی 1971 کی جنگ کے اختتام کی تاریخ ہے، جس میں بنگلہ دیش، پاکستان سے علیحدہ ہوا تھا۔
شیخ حسینہ کی جانب سے وطن واپسی کے لیے کسی مخصوص تاریخ کا اعلان پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے۔ ان کی عمر 79 سال بتائی گئی ہے اور وہ دو سال سے زیادہ عرصے سے بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔
ان کی واپسی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلادیش میں سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ پر پابندی عائد ہے اور حالیہ دنوں میں ان کی جماعت کی جانب سے احتجاجی سرگرمیوں کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ نے رواں ماہ کے آغاز میں نئے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کے حصول کی کوشش بھی کی تھی۔ ان اقدامات کو ان کی وطن واپسی کی تیاریوں کا ایک ممکنہ اشارہ قرار دیا گیا تھا۔
دوسری جانب بنگلادیشی حکومت کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی صرف بھارت سے حوالگی کے قانونی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں وطن واپس لانے کے لیے بھارت کو قانونی طریقہ کار کے تحت بنگلادیش کے حوالے کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد اگست 2024ء میں طلبہ کے احتجاج کے بعد اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ انہیں گزشتہ سال نومبر میں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کے الزام میں ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی، تاہم وہ ان الزامات کی تردید کرتی ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق احتجاجی تحریک کے دوران 1,400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بھارت نے رواں سال اپریل میں کہا تھا کہ وہ شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق بنگلادیش کی درخواست پر غور کر رہا ہے۔ تاہم، ان کی واپسی کے لیے کسی حتمی فیصلے یا انتظامات کا اعلان سامنے نہیں آیا۔
شیخ حسینہ کی جانب سے 16 دسمبر کی تاریخ مقرر کیے جانے کے بعد یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور قانونی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ان کی جماعت پر پابندی اور بنگلادیش میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے باعث ان کی واپسی کے معاملے پر مزید تناؤ پیدا ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ شیخ حسینہ کس طریقے سے وطن واپس آئیں گی، تاہم بنگلادیشی حکومت کے مؤقف کے مطابق ان کی واپسی کے لیے بھارت سے حوالگی کا عمل ضروری ہوگا۔