اسحاق ڈار کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ، رہنماؤں سے رابطے، قومی سلامتی کمیٹی فیصلوں سے آگاہ کیا

0 minutes, 0 seconds Read

دنیا کو بھارت کا بدنما چہرہ اور مکروہ عزائم سے آگاہ کرنے کے لیے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور رہنماؤں سے رابطے اور انہیں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان خطے کے امن اور اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔

بھارتی اشتعال انگیزی اور مسلسل غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر پاکستان نے عالمی برادری کو اعتماد میں لینے کا سلسلہ جاری رکھا ہواہے اور اسی تناظر میں آج پاکستان نے امریکا پر واضح کر دیا کہ سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔

اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات

ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نیٹالی بیکر نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی جہاں حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر امریکی ناظم الامور نیٹالی بیکر نے اسحاق ڈار کو تناؤ میں کمی کی امریکی خواہش سے آگاہ کیا اور کہا کہ امریکا بدلتی ہوئی صورت حال پر دونوں ممالک کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔

قبل ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے بیان میں کہا تھا کہ سیکریٹری اسٹیٹ مارکو روبیو دونوں ممالک کے ہم منصب سے حالیہ کشیدگی پر بات کریں گے۔

اسحاق ڈار کا عمانی وزیر خارجہ خارجہ سے رابطہ

وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسیدی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں انہوں نے بھارتی پروپیگنڈے سے آگاہ کیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے عمان کے وزیرخارجہ سے خطے کی صورت حال پر بات چیت کی۔

اسحاق ڈار نے انہیں موجودہ علاقائی صورتحال پر بریفنگ دی جس میں بھارت کا اشتعال انگیز پروپیگنڈہ، غیر قانونی یکطرفہ اقدامات اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔

عمان کے وزیر خارجہ نے مسائل کے حل کے لیے کشیدگی میں کمی، بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے نے ایران اور امریکا کے مذاکرات کے لیے عمان کی کوششوں کو سراہا اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار کا اسپین کے وزیر خارجہ سے رابطہ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسپین کے وزیر خارجہ ہوزے مینویل البریز سے بھی رابطہ کیا اور حالیہ علاقائی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ بھارت بین الاقوامی قانون کی خلاف کررہا ہے جبکہ انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کی تیاری سے بھی آگاہ کیا۔

اسپین کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین و تعاون کے وزیر ہوزے مینویل البریز پہلگام حملے میں پاکستان کی جانب سے شفاف تحقیقات کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی دونوں فورمز پر تعاون کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار کا قطر، کویت اور بحرین کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ

قطر کے وزیرخارجہ محمد بن عبد الرحمن بن جاسم بن جبر الثانی نے کہا کہ علاقائی امن و استجکام برقرار رکھنا ضروری جبکہ ہانہوں نے تنازعات کے حل میں مذاکرات اور سفارت کاری پر زوردیا۔

کویتی وزیرخارجہ عبداللہ علی ال یحییٰ نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کو کویت کی حمایت کا بھرپور یقین دلایا۔

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی کے ساتھ گفتگو میں اسحاق ڈار نے خطے طے اور اس سے باہر امن اور استحکام کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

Similar Posts