اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ بھارت سیاسی بنیادوں پر اور غیرذمہ دارانہ انداز سے اشتعال انگیزی پر اتر آیا ہے، جس سے پورے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو سنگین خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
انہوں نے یہ بات او آئی سی گروپ کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ رویے سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، جو عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہونا چاہیے۔
بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان سے مل کر کام کرے، امریکی وزیر خارجہ کے دونوں ممالک سے رابطے
اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے مطابق او آئی سی کے رکن ممالک نے پاکستان کی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ اجلاس میں اراکین نے زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے سفارتکاری کو فروغ دیا جائے اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے۔
او آئی سی اراکین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ طور پر حل کیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن ممکن ہو سکے۔