کراچی کے تعلیمی اداروں میں پیپر آؤٹ اور نقل کی روک تھام پر انٹر بورڈ کا ایف آئی اے کو خط

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کے تعلیمی اداروں میں امتحانی پیپرز آوٹ ہونے اور نقل کی روک تھام کے لیے انٹربورڈ نے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ، خط میں سوشل میڈیا پر پرچے آؤٹ کرانے اور نقل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

شہرِ قائد میں انٹرمیڈیٹ امتحانات سے قبل ہی پیپرز آؤٹ ہونے اور منظم نقل کے بڑھتے واقعات پر انٹر بورڈ کراچی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو خط لکھ کر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انٹر بورڈ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امتحانی پرچوں کے افشا، حل شدہ جوابات کی غیر قانونی فروخت، اور سوشل میڈیا پر منظم نقل کے سلسلے کو روکنے کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ فوری طور پر مداخلت کرے۔

خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ مختلف واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر امتحانی مواد لیک کیا جا رہا ہے اور طلبہ کو پیسے کے عوض حل شدہ جوابات فراہم کیے جا رہے ہیں، جو کہ سائبر جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

انٹرمیڈیٹ امتحانات 5 مئی سے شروع ہو کر 29 مئی تک جاری رہیں گے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دھوکہ دہی کے طریقے اب سائبر جرائم کی شکل اختیار کر چکے ہیں، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ان گروپس کی مکمل تحقیقات کریں اور ان کے منتظمین کا سراغ لگا کر قانونی کارروائی کریں۔

Similar Posts