بھارت کو امریکی حمایت حاصل کرنے میں ناکامی کا اثرات آنا شروع ہو گئے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی 100 انڈیکس میں 2 ہزار 787 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں آج سارا مثبت رجحان رہا، سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی اور شیئرز کی خریداری کے باعث مارکیٹ میں تیزی رہی۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس دو ہزار سات سو ستاسی پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ چودہ ہزار ایک سو تیرہ پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں آج 4 سو 45 کمپنیز کے 37 کروڑ 23 لاکھ شیئرز میں کاروبار کیا گیا، جن کی مالیت 23 ارب 28 کروڑ روپے رہی۔
اس سے قبل 100 انڈیکس میں 2,900 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 14ہزار250 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر 3545 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار 326 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
مارکیٹ میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد، معاشی اشاریوں میں بہتری اور ممکنہ حکومتی اصلاحات کی توقعات کے باعث دیکھنے میں آئی۔ سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان نے ٹریڈنگ حجم میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا۔
ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں استحکام، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت اور مہنگائی کی سطح میں کمی کی امید بھی اس مثبت رجحان کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔
کاروباری برادری نے مارکیٹ کی حالیہ صورتحال کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے معیشت کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا ہے۔