ملک بھر میں افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، شہر شہر ریلیاں نکالی گئیں

0 minutes, 0 seconds Read

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت کی آبی جارحیت اورگیدڑبھپکیوں کےخلاف پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی۔ بلوچستان، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عوام نے ریلیاں نکال کر پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائےاوربھارت کو دوٹوک پیغام دیا کہ اگرکوئی بھی مہم جوئی کی گئی تو ماضی کی طرح اس باربھی منہ کی کھانی پڑے گی۔

بھارتی آبی جارحیت اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان مخالف عزائم کے خلاف ملک بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ سب سے مؤثر احتجاج کوئٹہ میں دیکھنے میں آیا، جہاں مسیحی برادری نے سابق رکن بلوچستان اسمبلی جعفر جارج کی قیادت میں زبردست احتجاجی ریلی نکالی۔

قومی پرچم تھامے شرکا نے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت مخالف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔

اسی طرح کراچی میں وکلا نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے تحت ”استحکام پاکستان ریلی“ نکالی۔ شرکا نے پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا عزم دہرایا۔ وکلا نے واضح پیغام دیا کہ بھارت کی ہر سازش کو بے نقاب کریں گے اور ضرورت پڑی تو افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ میدان میں اتریں گے۔

ادھر ملک کے دیگر حصوں میں بھی عوام کا جذبہ دیدنی رہا۔ فیصل آباد، کرک میں شہریوں نے وطن سے محبت کا مظاہرہ کیا، شیخوپورہ میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور ریلیوں کے شرکا پر پھول نچھاور کیے گئے۔

ٹنڈو الہ یار میں ہندو برادری نے احتجاج کرتے ہوئے راما پیر مندر میں پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پوری قوم متحد نظر آئی، سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے شہروں میں پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے۔

شرکا کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے اگربھارت نے کوئی جارحیت کی تو پہلے سے دگنا جواب دیا جائے گا۔

Similar Posts