پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کا میچ اچانک روک دیا گیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 24ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف 7.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنالیے ہیں، تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا، اسٹیڈیم میں وکٹ کو ڈھانپ دیا گیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے 24 ویں میچ میں کرچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ جاری تھی اور میچ 7.5 اوورز تک ہی پہنچا تھا کہ بارش شروع ہوگئی جس کے بعد میچ کو روکنا پڑا اور اسٹیڈیم میں وکٹ کو ڈھانپ دیا گیا۔

لاہور قلندرز کا پہلے بھی ایک میچ بارش کی وجہ سے ڈرا ہو چکا ہے جس کے نتیجہ میں لاہور قلندرز کو صرف ایک پوائنٹ ملا تھا۔

بارش کے شروع پر لاہور قلندرز نے 7.5 اوورز میں 1 وکٹ پر 90 رنز بنالیے تھے، محمد نعیم نے 29 گیندوں سے 65 رنز بنائے اور چھٹا چھکا مارنے کی کوشش میں لانگ آن باؤنڈری پر کیچ ہو گئے، جب وہ آؤٹ ہوئے تو قلندرز کا مجموعہ 90 ہو چکا تھا جبکہ میچ بند ہونے سے چند لمحے پہلے لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ گری تھی۔

محمد نعیم نے فخر زمان کے ساتھ پہلی وکٹ پر 90 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران آؤٹ ہونے والے بیٹر نے 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

میچ کا ٹاس

کراچی اور لاہور کے درمیان پی ایس ایل کا 24 ویں میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس کرچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

میچ میں لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ کراچی کنگز کی کپتانی کے ڈیوڈ وارنر کے سپرد ہے، لاہور قلندرز نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، فاسٹ بولر ٹام کرن کی جگہ اسپنر رشاد حسین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کراچی کنگز نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، فواد علی کی جگہ حسن علی اور عمیر یوسف کی جگہ سعد کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کی پلیئنگ 11 اسکواڈ

لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، رشاد حسین، شاہین آفریدی (کپتان)، حارث رؤف اور آصف آفریدی شامل ہیں۔

کراچی کنگز کے اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر (کپتان)، ٹم شیفرٹ، جیمز ونس، سعد بیگ، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ شامل ہیں۔

ہیڈ ٹو ہیڈ

دونوں ٹیمیں اب تک پی ایس ایل کی تاریخ میں 20 مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں، کراچی کنگز نے 13 میچز میں کامیابی سمیٹی جبکہ لاہور قلندرز صرف 7میچ جیت سکی۔

پوائنٹس ٹیبل پر کون سی ٹیم کس پوزیشن پر ہے؟

پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز کھیل کر 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی 8 میچز کھیلے ہیں اور وہ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن 8 میچز کھیل کر 9 پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم لاہور قلندرز کی ہے جبکہ چوتھی پوزیشن کراچی کنگز اور پانچویں پشاور زلمی کی ہے۔

ٹیبل پر آخری نمبر ملتان سلطانز کی ٹیم کا ہے جو اب ٹرافی جیتنے کی ریس سے باہر ہوچکی ہے۔

Similar Posts