پاکستان کیخلاف روسی صدر کی حمایت کا بھارتی دعویٰ، جھوٹ فورا پکڑا گیا

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے پیوٹن اور مودی کی بات ہوئی، روس نے بھارت کی حمایت کردی ہے جبکہ کریمیلن کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایسی کوئی بات نہیں۔ جس سے بھارتی پروپیگنڈے کی قلعی کھل گئی۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلیفونک گفتگو میں پاکستان مخالف موقف اپناتے ہوئے بھارت کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم کریملن کے سرکاری بیان میں ایسی کوئی بات شامل نہیں، جس سے بھارتی پروپیگنڈے کی قلعی کھل گئی۔

ٹیلیفونک گفتگو میں ولادیمیر پیوٹن نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آئے واقعے کو ”بربریت پر مبنی دہشتگردی“ قرار دیتے ہوئے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا، تاہم کریملن کے اعلامیے میں پاکستان کا کوئی ذکر نہیں اور نہ ہی کسی ملک پر الزام عائد کیا گیا۔

اس کے باوجود بھارتی میڈیا نے حسبِ روایت واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کی اور روسی حمایت کے دعوے کے ذریعے بین الاقوامی رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کی ناکام کوشش کی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، مودی حکومت کا یہ بیانیہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جسے کریملن کے غیر جانبدار مؤقف نے جھٹلایا۔

واضح رہے کہ پاکستان پہلے ہی پہلگام واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر چکا ہے اور کسی بھی جھوٹے الزام کو مسترد کر چکا ہے۔

Similar Posts