’ آپریشن سندور ولیمہ بن گیا’ شفاعت علی کا مودی پر طنزیہ وار

0 minutes, 1 second Read

پاکستان کے معروف کامیڈین اور میزبان شفاعت علی نے نریندر مودی کی نقل کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کا مذاق اُڑایا اور کہا کہ پاکستان کے جواب نے بھارت کی شادی کو ولیمہ میں بدل دیا۔

پاکستان پر بھارتی میزائل حملوں کے بعد جہاں عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، وہیں شفاعت علی نے طنز و مزاح کے تیز وار کرتے ہوئے نریندر مودی کی ایسی نقل اتاری کہ بھارتی حکمرانوں کے ہوش اُڑ گئے۔

’آپریشن سندور‘ پر طنز کرتے ہوئے پاکستانی کامیڈین کی مزاحیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دھوم مچا رہی ہے اور پاکستانی عوام اسے خوب سراہا رہے ہیں۔

شفاعت علی نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک مزاحیہ ویڈیو میں نریندر مودی کی آواز اور انداز کی ہو بہو نقل کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ کل رات ہماری ایئرفورس نے اجازت مانگی اور ہم نے کمانڈ دی، ’سندور‘! ایک ایسا تاریخی فیصلہ، جو نہ صرف تاریخ بدلے گا بلکہ بہار کے الیکشن بھی جتوائے گا، تاہم اس جملے نے سوشل میڈیا پر ہنسی کا طوفان برپا کر دیا۔

پاکستانی کامیڈین نے مزید طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری ایئرفورس پاکستان پہنچی، تو جواب میں ہمیں مکمل ولیمہ دے دیا گیا، اب تو بس یہی کہوں گا، رافیل اور مگ طیاروں کا کیا حال ہے؟ وہ تو ایسے لگ رہے ہیں جیسے کسی شادی میں صرف کھانے کے منتظر ہوں، کچھ کرنے کے قابل نہیں۔

ویڈیو کے اختتام پر شفاعت علی نے مودی کے انداز میں پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے لیے کہا کہ ہم انڈین آرمی اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی طرف سے صرف ایک بات کہنا چاہتے ہیں، جنرل عاصم منیر، آپ میری جان ہیں، میری روح ہیں، آپ کے بغیر تو ہماری فوج بھی جیسے بغیر نمک کے کھانا ہو!

Similar Posts