تامل سپر اسٹار اور سیاستدان وجے کی مدورئی ایئرپورٹ پر آمد اس وقت تنازع کا شکار ہو گئی جب ایک مداح پر ان کے باڈی گارڈ نے بندوق تان لی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے مطابق، وجے کوڈائیکانال میں فلم کی شوٹنگ کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ مدورئی ایئرپورٹ ان کے استقبال کے لیے مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ایلون مسک نے ایکس پر اپنا نام پھر سے تبدیل کر کے ہلچل مچا دی، تصویر بھی بدل لی
جیسے ہی وجے اپنی گاڑی سے اترے، وہاں موجود مداحوں نے خوشی سے نعرے بلند کیے۔
اسی دوران ایک پرجوش مداح، جو شاید وجے کو شال پیش کرنا چاہتا تھا، سیکیورٹی حصار توڑ کر ان کے قریب جانے کی کوشش کرنے لگا۔
چھ سال کی عمر میں دنیا کی سب سے حسین قرار دی گئی لڑکی اب کیسی دکھتی ہے؟
اسی لمحے، وجے کے باڈی گارڈز نے فوراً حرکت میں آتے ہوئے اس مداح کو روک لیا۔ ہجوم اور دھکم پیل کے دوران ایک باڈی گارڈ کی بندوق کچھ لمحوں کے لیے مداح کی طرف اٹھی ہوئی دیکھی گئی، جس کا ویڈیو منظر سوشل میڈیا پر خاصی تیزی سے وائرل ہوا اور صارفین نے اس پر سخت ردعمل دیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وجے نے پیچھے ہو رہی کشمکش پر کوئی توجہ نہ دی اور سیدھے ایئرپورٹ کے اندر چلے گئے۔
بعد ازاں، جس مداح پر مبینہ طور پر بندوق تاننے کا واقعہ پیش آیا، اُس نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،
”مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ بندوق نکالی گئی ہے۔ باڈی گارڈز نے یہ سب حفاظت کے پیش نظر کیا۔ مجھے نہیں لگتا کہ انہوں نے کچھ غلط کیا۔“
اگرچہ متاثرہ مداح نے اس واقعے کو معمول کی سیکیورٹی کارروائی قرار دیا، لیکن سوشل میڈیا پر صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا ایک مداح پر بندوق تاننا مناسب عمل تھا؟ ویڈیو میں باڈی گارڈ کے طرزِعمل نے مداحوں اور تجزیہ کاروں دونوں کو حیران کر دیا۔